کوئٹہ(پ ر)محکمہ پاپولیشن کی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر امبرین مینگل ودیگر نے کہا ہے کہ خواتین کے تولیدی نظام ماں اور بچے کی صحت کے لئے خاندانی منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی ترقی کے لئے آبادی اور وسائل کے درمیان توازن برقرار رکھنا ہوگا، اس مقصد کے حصول میں علما ءکا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کی جانب سے خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ڈاکٹر ثمینہ بگٹی، جمعہ خان کاکڑ، عبد الستار شاہوانی، ملک نعیم کاسی، ڈاکٹر سرمد سعید، محمد ایوب کاکڑ، عبدالطیف محمد حسنی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی کے ذریعے خواتین اور بچوں کی صحت پر بہتر اثرات مرتب ہوں گے اور آبادی اور وسائل میں توازن پیدا کرنا بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم پیشرفت ہوگی، اس مقصد کے لئےعلما ءکا کردار اہمیت کا حامل ہے ۔مقررین نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے سے خواتین کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ آبادی اور وسائل میں توازن پیدا کر کے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ہر اچھے کام میں حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور اپنا بھرپور تعاون کریں گے۔