لکسمبرگ (اے ایف پی) یورپی یونین نے گزشتہ روز فلسطینیوں کے لیے ایک ارب60 کروڑیورو (ایک ارب80کروڑ ڈالر) تک کے نئے تین سالہ مالی امدادی پیکج کا اعلان کیا۔امداد کا نیا وعدہ فلسطینی وزیر اعظم محمد مصطفیٰ اور یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی لکسمبرگ میں ہونے والی ملاقات سے قبل سامنے آیا ہے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ کاجا کالس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ہم فلسطینی عوام کے لیے اپنی حمایت میں اضافہ کر رہے ہیں،اور 2027تک ایک ارب60کروڑیورو مقبوضہ مغربی کنارے اور غزہ کو مستحکم کرنے میں مدد کریں گے۔یورپی یونین فلسطینی اتھارٹی(پی اے) کو فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔کاجاکالس نے کہا کہ اس سے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی عوام کی ضروریات کو پورا کرنے کی پی اے کی صلاحیت کو تقویت ملے گی اور حالات بہتر ہونےپر اسے غزہ کی حکومت میں واپس آنے کے لیے تیار کیا جائے گا۔