بھارتی ڈرامہ سیریل ’ناگن‘ سے مشہور ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ مونی رائے نے پلاسٹک سرجری کروانے سے متعلق افواہوں پر ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ مونی رائے نے حال ہی میں اپنی فلم ’دی بھوتنی‘ کی پروموشن کے لیے ایک تقریب میں شرکت کی، اس موقع پر ناصرف میڈیا بلکہ ان کے مداح بھی اداکارہ کا تاثرات سے عاری سوجا ہوا چہرہ دیکھ کر حیران رہ گئے۔
اداکارہ کی اس تقریب سے ویڈیوز کا وائرل ہونا ہی تھا کہ سوشل میڈیا صارفین نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے تبصرے میں اداکارہ کی پلاسٹک سرجری غلط ہو جانے کے خدشے کا اظہار کیا۔
نیٹیزنز کی جانب سے سوشل میڈیا پر کئی دنوں تک اداکارہ مونی رائی کو سخت تنقید اور ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید ٹرولنگ کے بعد اب اداکارہ مونی رائے نے اپنی سرجری سے متعلق افواہوں اور قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
پلاسٹک سرجری سے متعلق پوچھے گئے ایک صحافی کے سوال کے جواب میں اداکارہ مونی رائے نے کہا کہ میں ٹرولرز پر توجہ نہیں دیتی اور نہ ہی اس طرح کی باتوں سے پریشان ہوتی ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں سوشل میڈیا پر یہ سب نہیں دیکھتی، سوشل میڈیا پر فارغ لوگ بیٹھے ہیں اور اگر آپ گھر میں بیٹھ کر ٹرولنگ کر رہے ہیں اور اس میں آپ کو خوشی ملتی ہے تو ایسا ہی کریں، مجھے فرق نہیں پڑتا۔