• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

1 ماہ میں 4.1 ارب ڈالرر کی ترسیلاتِ زر حکومت پر اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد ہے: ملک یونس

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

مسلم لیگ ن جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا ہے کہ صرف 1 ماہ میں 4.1 ارب ڈالرز کی ترسیلاتِ زر موجودہ حکومت پر اوورسیز پاکستانیوں کے غیر متزلزل اعتماد کا مظہر ہیں۔

ملک یونس نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام تک ترسیلاتِ زر کا حجم 40 ارب ڈالرز سے تجاوز کر جائے گا جو ناصرف پاکستان کی مجموعی برآمدات سے زیادہ ہو گا بلکہ کسی بھی ملک سے ملنے والی مالی امداد سے بھی کہیں بڑھ کر ہو گا۔

ملک یونس نے وزیرِاعظم شہباز شریف کو اوورسیز پاکستانی کنونشن کے کامیاب انعقاد پر دلی مبارکباد پیش کی ہے اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز چوہدری سالک حسین، وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر حکومتی نمائندوں کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کنونشن میں 1 ہزار سے زائد پاکستانی شریک ہوئے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں اوورسیز پاکستانی اس اہم ایونٹ میں شرکت کے خواہاں تھے مگر وقت کی کمی اور رابطوں کے فقدان کے باعث شرکت نہ کر سکے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئندہ کنونشنز میں اوورسیز کمیونٹی کی شمولیت کو زیادہ مؤثر اور جامع بنایا جائے تاکہ سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات اور قربانیوں کا بھرپور اعتراف کیا جا سکے۔

ملک یونس نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت اپنے 5 سال مکمل کرے گی اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی، خصوصاً جاپان میں مقیم اوورسیز کمیونٹی، اس حکومت کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی ترقی میں ان کا جائز مقام دیا جائے کیونکہ وہ ناصرف زرِ مبادلہ کے سب سے بڑے ذرائع ہیں بلکہ پاکستان کا اصل سرمایہ بھی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید