چاکلیٹ موموز کی ویڈیو نے انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا دیا ہے جس پر صارفین کا شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ اس پر جہنم میں الگ سزا ملے گی۔
کیا آپ واقعی اسٹریٹ فوڈ کے دیوانے ہیں تو آپ کو موموز بھی پسند ہوں گے؟ اب چاہے وہ اسٹیم ہوں یا فرائی، ویجی ہوں یا نان ویجی، موموز ہر فوڈی کا پسندیدہ اسنیک ہے، لیکن جب کھانوں کے انوکھے تجربات ہوتے ہیں تو کبھی کبھی پسندیدہ پکوان بھی عجیب و غریب شکل اختیار کر لیتے ہیں۔
آپ نے فروٹ موموز، مومو آملیٹ اور ڈرائی فروٹ موموز کے بارے میں تو سنا ہو گا لیکن اب نئی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں چاکلیٹ موموز۔
جی ہاں! آپ نے بالکل درست پڑھا، انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک اسٹریٹ فوڈ فروش یہ انوکھا پکوان تیار کر رہا ہے۔
ویڈیو میں پہلے ایک پین میں مکھن ڈالا جاتا ہے، پھر اس میں دودھ والی چاکلیٹ کی بارز شامل کی جاتی ہیں، اس کے بعد چاکلیٹ سیرپ کا تڑکا لگتا ہے اور تھوڑا پانی ڈال کر اسے ایک گاڑھی اور کریمی چاکلیٹ میں تبدیل کر دیا جاتا ہے۔
دوسری طرف موموز کو تیز گرم تیل میں ڈیپ فرائی کیا جاتا ہے، جب وہ کرسپی ہو جاتے ہیں تو انہیں اس تیار شدہ چاکلیٹ سوس میں مکمل طور پر ڈبو دیا جاتا ہے، ان موموز کو ایک کاغذی پلیٹ میں رکھا جاتا ہے، اوپر سے کیڈبری جیمز اور کٹ کیٹ کے ٹکڑوں سے سجاوٹ کی جاتی ہے اور آخر میں چاکلیٹ سیرپ ڈال کر پیش کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ چاکلیٹ موموز دہلی کے ویویک وہار علاقے میں دستیاب ہیں اور ان کی قیمت 300 روپے ہے۔
یہ ویڈیو اب تک انسٹاگرام پر 90 لاکھ سے زائد بار دیکھی جا چکی ہے، لیکن ہر کوئی اس انوکھے تجربے سے خوش نہیں، موموز کے اصل عاشق تو اس ویڈیو کو دیکھ کر شدید غم و غصے کا شکار ہو گئے ہیں۔
ایک صارف نے لکھااس کے لیے تو جہنم میں الگ سے سزا ہے۔
دوسرے نے کہا نہ گاہک آتے ہیں، نہ شرم۔
ایک اور صارف نے افسوس کے ساتھ کہا کہ ایسا ہی کچھ دیکھنے کا ڈر تھا اور وہ ڈر بالآخر سچ ہو گیا۔
تبصروں میں موموز کے لیے انصاف اور موموز کی روح کو سکون ملے جیسے جملے بھی خوب دیکھنے کو ملے، صاف ظاہر ہے کہ یہ فوڈ فیوژن کا تجربہ مومو کے عاشقوں کو ذرا بھی ہضم نہیں ہوا۔