انٹرنیٹ پر چلی اوریو آملیٹ کی ترکیب کی وائرل ویڈیو نے سب کو چکرا کر رکھ دیا ہے۔
آملیٹ ایک ایسی ڈش ہے جو دنیا بھر میں مختلف انداز میں پسند کی جاتی ہے، کہیں یہ اضافی چیز کے ساتھ کھایا جاتا ہے تو کہیں مسالوں اور مکھن سے بھرپور ہوتا ہے۔
مگر جیسے جیسے نئے نئے کھانوں کا رجحان بڑھ رہا ہے، ویسے ہی کچھ حیرت انگیز بلکہ عجیب و غریب ترکیبیں بھی منظرِ عام پر آ رہی ہیں۔
ایسی ہی ایک انوکھی اور متنازع ترکیب چلی اوریو آملیٹ آج کل انٹرنیٹ پر تہلکہ مچا رہی ہے۔
یہ ترکیب ایک فوڈ ولاگر نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے، جس میں کولکتہ کے ایک اسٹریٹ فوڈ فروش کو یہ عجیب و غریب ڈش تیار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ شخص ایک پین میں تیل گرم کرتا ہے اس کے بعد چند انڈے توڑ کر ایک گلاس میں ڈال کر ہری مرچ اور پیاز کے ساتھ پھینٹتا ہے۔
اب تک سب کچھ عام لگ رہا تھا مگر پھر آتی ہے حقیقی حیرانی کی گھڑی وہ شخص آملیٹ کے بیچ اوریو بسکٹ رکھ دیتا ہے۔
نرمی سے پلٹنے کے بعد یہ عجیب و غریب آملیٹ پک کر تیار ہو جاتا ہے، مگر ٹھہریے معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا۔
آخر میں وہ چٹنی، مصالحے اور مزید ہری مرچوں سے اسے سجا دیتا ہے اور پیش کر دیتا ہے۔
یہ ترکیب انٹرنیٹ صارفین کو بالکل پسند نہیں آئی بلکہ انہوں نے غصے اور مذاق کا ملا جلا اظہار کیا ہے۔
صارفین نے لکھا ہے کہ یہ دیکھ کر مجھے اتنا غصہ آیا کہ میں بیان نہیں کر سکتا، ایک اور صارف نے کہا کہ ایسی حرکت پر بندے کو جیل میں ڈال دینا چاہیے۔
بعض سوشل میڈیا صارفین نے کہا کہ یہ کھانے کی توہین ہے، اوریو کے لیے انصاف چاہیے۔