وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گندم کے کاشت کاروں کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان قابلِ ستائش ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ ساڑھے 5 لاکھ کاشت کاروں کو گندم سپورٹ فنڈ کے تحت 15 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری خوش آئند قدم ہے، پنجاب میں گندم کے کاشت کاروں کے لیے آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ کاشت کاروں کے لیے ریلیف ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ کسانوں کو 4 ماہ مفت اسٹوریج سہولت سے گندم کو موسمیاتی اثرات سے محفوظ رکھنے میں آسانی ہو گی، پاکستان کی خوش حالی کسان کی خوش حالی سے جڑی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا منشور ہے کہ کسان کو اس کی محنت کا پورا پورا معاوضہ ملے، گندم کے کاشت کاروں کے لیے پیکیج کے اعلان پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔