کراچی (رپورٹ/اختر علی اختر)بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں کئی پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔سلمیٰ آغا(نِکاح)زیبا بختیار(حِنا)ماہرہ خان(رئیس)صبا قمر(ہندی میڈیم)حمائمہ ملک(راجا نٹورلال)، سجل علی (موم)ماورا حسین(صنم تیری قسم)سارہ لورین(مرڈر تھری)مُومل شیخ(ہیپی بھاگ جائے گی)اور میرا نے فلم (نظر)میں لاجواب اداکاری کی، ان مایہ ناز ہیروئنوں نے بھارت کے سپراسٹارز کے مدِمقابل جَم کر شاندار اداکاری کی،سب اُن کے معترف ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فلموں کو دُنیا بھر میں دلچسپی اور پسندیدگی سے دیکھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر فنکار کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ بالی ووڈ کا حصہ بنے اور دنیا بھر میں اپنی پہچان بنائے۔ پاکستانی اداکارائوں کا بھارتی فلموں میں بطور ہیروئن کام کرنے کا سلسلہ 1980ءسے شروع ہوا۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکارہ واداکارہ سلمیٰ آغا نے 1982ء میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’’نکاح‘‘ میں ’’نیلوفر‘‘ کا یادگار کردار ادا کیا۔ اس فلم میں ان کے مدِمقابل اداکار راج ببر تھے ۔ فلم کے گانے بے حد مقبول ہوئے۔ ’’دل کے اَرماں آنسوئوں میں بہہ گئے‘‘کو سلمیٰ آغا کی آواز میں دُنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی ۔1984ء میں سلمیٰ آغا نے اُس وقت کے سپراسٹار ڈسکو ڈانسر’’مِتھن چکرورتی‘‘ کے ساتھ بطور ہیروئن فلم’’قسم پیدا کرنے والے کی‘‘میں پسند کیا گیا۔ بعدازاں سلمیٰ آغا نے چند مزید بھارتی فلموں میں کام کیا۔ اِن میں فلم’’پتی،پتنی اور طوائف‘‘سلمیٰ، پانچ فولادی اورجنگل کی بیٹی وغیرہ شامل ہیں۔ 90ء کی دہائی میں پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی مقبول اداکارہ زیبا بختیار نے بھی بالی ووڈ کا رُخ کیا اور چند بھارتی فلموں میں بطور ہیروئن شاندار کام کیا۔ انہوں ںے بالی ووڈ کے صفِ اول کے فلم ساز راج کپور کی کامیاب فلم ’’حِںا‘‘میں رِشی کپور کے سامنے بطور ہیروئن جم کر اداکاری کی۔ اس فلم کے گانے بھی بے حد مقبول ہوئے ، بعدازاں زیبا بختیار نے سپراسٹار سنجے دت،جیکی شیروف اور دیگر ہیروز کے ساتھ بطور ہیروئن کام کیا۔ اُن کی دیگر بھارتی فلموں میں ’’محبت کی آرزو‘‘جے وِکرانتا اور سلطنت وغیرہ شامل ہیں80ءاور 90ء کی دہائیوں کے بعد بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے کا سلسلہ تھم گیا تھا، کئی برس کے وقفے کے بعد 2000ء میں جنرل پرویز مشرف کی حکومت میں ایک مرتبہ پھر پاکستانی فنکاروں نے بھارتی فلموں میں کام کرنے کے لیے ممبئی کا رُخ کیا۔ اِن میں سب سے زیادہ کامیابی اداکارہ ماہرہ خان کو اُس وقت ملی، جب وہ 2017ءء میں کنگ خان شاہ رُخ خان کے مدِمقابل فلم’’رئیس‘‘ میں بطور ہیروئن کاسٹ ہوئیں۔ ماہرہ خان کا شاہ رُخ کے ساتھ ہیروئن کاسٹ ہونا برصغیرِ کے میڈیا کے لیے بڑی خبر تھی۔ فلم ’’رئیس‘‘میں ماہرہ خان نے سپراسٹار شاہ رُخ خان کے سامنے ایسی لاجواب پرفارمنس دی کہ وہ بھی ماہرہ کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکے۔اس فلم کا ایک گانا ’’ظالمہ‘‘بھی سپرہٹ ثابت ہوا۔ فلم ’’رئیس‘‘سے قبل ماہرہ خان کو فلم’’بول‘‘اور ڈراما سیریل’’ہمسفر‘‘کی بدولت بھارت میں تھوڑی بہت پہچان مل چکی تھی، لیکن جب وہ شاہ رُخ کی ہیروئن بنیں، تو ہر طرف اُن کی دھوم مچ گئی تھی۔ ماہرہ خان کے ساتھ ہی صبا قمر نے بھی بھارتی فلم کے صفِ اول کے سنجیدہ اداکارعرفان خان کے ساتھ فلم’’ہندی میڈیم‘‘میں بطور ہیروئن عمدہ کام کیا۔ صبا قمر نے مایہ ناز فنکار عرفان خان کے مدمقابل ایسی یادگار پرفارمنس دی کہ بھارت اور پاکستان کے فلم بین اُن کے مداح ہوگئے۔ بالی ووڈ اسٹارز بھی صبا قمر کی خوب تعریفیں کرنے لگے۔ جیو کی فلم ’’بول‘‘میں عمدہ اداکاری کرنے والی خُوبصورت اداکارہ حمائمہ ملک کو بھی بھارتی اداکار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم’’راجا نٹورلال‘‘میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا گیا، تو میڈیا میں اُن کی ہر طرف دُھوم مچ گئی۔ عمران ہاشمی کی ہیروئن بننا حمائمہ کے لیے کوئی آسان کام نہیں تھا۔ لیکن ان دونوں کی جوڑی کو پسند کیا گیا۔ پاکستانی ڈراموں کی مقبول اداکارہ ماورا حسین نے بھی بطور ہیروئن بالی ووڈ میں اپنی شاندار انٹری دی۔ انہوں نے فلم’’صنم تیری قسم‘‘میں شوخ وچنچل پرفارمنس کردار نبھایا۔ اس فلم کا ایک گانا’’تُو کھینچ میری فوٹو‘‘بے حد مقبول ہوا۔ اداکارہ سارہ لورین نے چند بھارتی فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا ۔اِنھیں فلم’’مرڈر تھری‘‘ میں سراہا گیا۔ 2010ء میں مقبول بھارتی گلوکار و اداکار ہمیش ریشمیا کے مدمقابل فلم’’کجرارے ‘‘میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا۔پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی معروف ہیروئن سجل علی نے بالی ووڈ مووی’’موم‘‘میں سِری دیوی کے ساتھ مرکزی کردار نبھایا۔ اس فلم کے ریلیز ہونے کے بعد سجل علی کو بے پناہ شہرت ملی۔ سری دیوی نے سجل علی کی اداکاری کو بھارتی میڈیا پر بے حد سراہا۔ لیجنڈری اداکار جاوید شیخ کی صاحبزادی مومل شیخ کسی سے پیچھے کیوں رہتیں۔ انہوں نے بھی 2016ءمیں بالی ووڈ میں بطور ہیروئن اِنٹری دی۔ فلم ’’ہیپی بھاگ جائے گی‘‘میں مومل شیخ کے کام کو سراہا گیا۔ معروف اداکارہ میرا نے 2005ء میں بالی ووڈ کا رُخ کیا اور چار سے پانچ فلموں میں بطور ہیروئن کام کیا۔ اِن کی مقبول فلموں میں ’’نظر،کَسک،اور پانچ گھنٹے میں پانچ کروڑ‘‘وغیرہ شامل ہیں۔