• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر میں ایک ہی دن میں دو شدید زلزلے

اسلام آباد (صالح ظافر) ہفتے کے روز افغانستان کے ہندو کش علاقے میں ایک ہی دن میں دو شدید نوعیت کے زلزلے آئے، جن کے جھٹکے پاکستان کے کئی علاقوں بشمول پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں محسوس کیے گئے۔ اس طرح دس دن سے بھی کم عرصے میں اس علاقے میں چار زلزلے آ چکے ہیں۔ پہلا زلزلہ صبح 11:48 پر آیا جس کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی، جبکہ دوسرا زلزلہ تقریباً تین گھنٹے بعد اسی علاقے میں آیا جس کی شدت 5.6 تھی۔ زلزلے کے جھٹکے پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں محسوس کیے گئے، جن میں اسلام آباد، لاہور، پشاور اور سرینگر شامل ہیں۔ ہفتے کے روز زلزلے افغانستان اور تاجکستان کی سرحدی علاقے کے قریب آئے۔ محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق 5.9 شدت کا زلزلہ ریکٹر اسکیل پر 94 کلومیٹر گہرائی میں آیا، جس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا۔ خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے کسی جانی نقصان یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ کچھ مقامات پر لوگ خوف کے مارے عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ دریں اثنا، پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ابتدائی رپورٹس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ صوبے کے مختلف شہروں بشمول لاہور، گجرات اور فیصل آباد میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اہم خبریں سے مزید