• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق میئرکوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی گرفتار ،جیل بھجوادیا گیا

Former Mayor Quetta Mir Maqbool Lehri Arrested Shifted To Jail
نیب بلوچستان نے اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کےکیس میں سابق میئرکوئٹہ میر مقبول احمد لہڑی کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد احتساب عدالت نے انہیں جوڈیشیل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بھجوادیا۔

میر مقبول احمد لہڑی کو بلوچستان ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست مسترد ہونے پر نیب حکام نے ہائی کورٹ کےاحاطے سےگرفتارکیا،گرفتاری کےفوری بعد نیب حکام نے مقبول لہڑی کو احتساب عدالت میں پیش کردیاجہاں ان کی جانب سے ان کےجوڈیشیل ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

احتساب عدالت نے یہ استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں جوڈیشیل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت نو اگست تک کےلئے ملتوی کردی۔

کیس کی سماعت کےدوران مقبول لہڑی کےوکیل نے عدالت سے اپنےموکل کےطبی معائنہ کی درخواست کی ان کا موقف تھا کہ ان کے موکل کےکمرکی ہڈی میں مسئلہ ہے اور اگر ان کاطبی معائنہ نہ کیاگیاتو یہ مفلوج بھی ہوسکتاہےجس پر عدالت نے متعلقہ حکام کو مقبول لہڑی کےطبی معائنہ اورسہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

میرمقبول احمد لہڑی پر سال 2005سے2009تک کی میئر شپ کے دور میں چیئرمین کوئٹہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی، کیو ڈی اے کی حیثیت سے اختیارات کےناجائز استعمال اور سرکاری زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے،اس حوالے سے نیب سال 2007سےمقبول لہڑی کےخلاف تحقیقات جاری تھیںجبکہ 2014میں ان کےخلاف ریفرنس دائر کیاگیاتھا۔
تازہ ترین