• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر سی سی آئی اجلاس میں کینال والا مسئلہ حل نہ ہوا تو ہم حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے،ناصر شاہ


 سندھ کے سینئر وزیر اور پیپلز پارٹی کے رہنما ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل میں نہر منصوبے کے خاتمے کا فیصلہ نہیں ہوا تو حکومت سے علیحدہ ہوجائیں گے۔

کراچی میں ایم کیو ایم رہنماؤں سے  ملاقات کے بعد گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ہونے والا فیصلہ حتمی ہے۔

ناصر شاہ نے کہا کہ کینالز کا مسئلہ بہت حساس معاملہ ہے، کینال کے مسئلے پر ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیں بھرپور سپورٹ کیا۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا کہ آج ناصر شاہ کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کا ایک وفد ہمارے پاس آیا ہے، پیپلز پارٹی وفد کے ساتھ بہت مفید گفتگو ہوئی، ماضی میں بھی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے حق میں دستبردار ہوئے، ایک ساتھ مل بیٹھنے سے سندھ کے عوام میں اچھا تاثر جاتا ہے۔

فاروق ستار نے کہا کہ وفاق میں ہم ان کے اتحادی ہیں چاہے انہوں نے وزارت لی ہو یا نہ ہو۔ ہمیں انتخابی ملاقاتوں سے ہٹ کر بھی عوامی مسائل کےلیے ساتھ بیٹھنا چاہیے، اگر یہ رابطے نہیں ہونگے تو ہمارا ایک دوسرے کےلیے سخت موقف ہی رہے گا۔

ناصر شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بہتری کی بات کی ہے، ترقیاتی کام ہوا ہے اور ہو بھی رہا ہے، ایم کیو ایم نے اچھی تجاویز دی ہیں ان پر کام کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ سینیٹ کی نشست حاصل کرنے کےلیے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہم یہاں ایک اچھا تاثر لے کر آئے ہیں، کراچی میں بہتری کےلیے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے کہا کہ کراچی کو سب سے زیادہ پیسے آصف زرداری کے دور میں ملے، 2013 سے 2022 تک سندھ کےلیے سب سے کم اسکیمیں رکھی گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس بار وفاقی حکومت نے سندھ کا حصہ 3 فیصد سے بڑھا کر کم سے کم دس فیصد کر دیا ہے۔ 10، 15 ارب سے کراچی کےلیے کچھ نہیں ہوتا، وفاق کو کراچی کا حصہ بڑھانا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید