گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے پاس پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔ پاکستان بھارتی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں۔
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعہ میں بھی بھارت کا ہاتھ ہے، عالمی برادری پاکستان میں دہشت گردوں کو بھارت کی جانب سے مختلف اکاؤنٹس میں رقوم کی فراہمی کا نوٹس لے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک جدید ایٹمی پاور ہے، جس کا خوف مودی کو سونے نہیں دیتا۔
سلیم حیدر نے کہا کہ انڈین آرمی پاکستان میں دہشت گردی کے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی کھوکھلی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں، کوئی جارحیت کی گئی تو بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی بقاء کی جنگ پاک فوج کے ساتھ مل کر لڑیں گی۔