بھارت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا، پاکستان کے اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کا بھی انسٹاگرام اکاؤنٹ بلاک کردیا۔
انسٹاگرام نے اس اقدام کی وجہ "قانونی درخواست" کو قرار دیا ہے، جو مبینہ طور پر بھارتی حکومت کی جانب سے دی گئی تھی۔
انسٹاگرام پر ارشد ندیم کا اکاؤنٹ @arshadnadeem29 جب بھارت سے کھولا جائے تو ایک پیغام ظاہر ہوتا ہے کہ یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے، کیونکہ ہم نے ایک قانونی درخواست پر اس مواد کی رسائی محدود کر دی ہے۔
انسٹاگرام کی وضاحت میں مزید کہا گیا کہ ہم نے اس مواد کو اپنی پالیسیوں کے مطابق قانونی اور انسانی حقوق کے پہلو سے جانچا، پھر مقامی قوانین کے تحت اس ملک میں رسائی محدود کی گئی جہاں یہ مواد ان قوانین کے خلاف تھا۔
تاہم ارشد ندیم کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ بھارت میں تاحال قابل رسائی ہے۔
یہ پابندی ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشت گردی کے ایک حملے میں 26 سیاح ہلاک ہوئے، واقعے کے بعد بھارتی حکومت نے کئی پاکستانی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو قومی سلامتی کے تحت بلاک کرنا شروع کیا جن کی بھارت میں خاصی فالوونگ ہے۔
ارشد ندیم سے قبل سابق کرکٹر شعیب اختر اور باسط علی کے یوٹیوب چینلز بھی بھارت میں بند کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں نیرج چوپڑا کو شکست دے کر 92.97 میٹر کے شاندار تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا، جس کے بعد ان کی سوشل میڈیا مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا۔