پاکستان نے خطے کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کو باضابطہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بند کمرہ اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کو سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کے لیے درخواست کرنے کی ہدایت کی تھی۔
اجلاس سے متعلق قواعد اور ضابطے کی کارروائی اور عملی اقدامات کا آغاز ہوگیا ہے۔ اجلاس میں پاکستانی مشن میں سفیر اور عملہ دستاویزی تقاضوں اور عملی اقدامات میں مصروف ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور عملے کے سلامتی کونسل کے رکن ملکوں سے رابطے کرہے ہیں، دوسری جانب بھارتی سفارتکار بھی اس اجلاس سے متعلق مخالفانہ سفارتکاری میں مصروف ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ خطے کی صورتحال پر پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل کو باضابطہ بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان سلامتی کونسل کو بھارت کے جارحانہ اقدامات سے آگاہ کرے گا۔
پاکستان سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی غیرقانونی اقدامات کو اُجاگر کرے گا۔ پاکستان واضح کرے گا کہ کس طرح بھارتی جارحانہ اقدامات خطے کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کو حقائق بتانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔