راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں وارداتوں میں شہری ایک گاڑی ،رکشے ،14 موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز، نقدی سے محروم ہوگئے۔اسلام آباد میں بھی 9 وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاؤہ ایک کار، پانچ موٹر سائیکل ، 5موبائل فون اڑا لئے گئے ۔تھانہ بھارہ کہو کے علاقے سے موٹر سائیکل ،تھانہ نون اور تھانہ کورال کے علاقے سے دوموبائل فون اور نقدی اسلحہ کی نوک پر چھین لی گئی۔ ایک گھر کے تالے ٹوٹ گئے ۔ تھانہ نصیرآباد کومحمد دائم لطیف نے بتایا کہ دو نامعلوم ملزمان وائرلیس سیٹ کیساتھ آئے اور فلک شیر سے دھوکہ دہی سے 3لاکھ 40ہزا رروپے لیکر فرارہوگئے۔ تھانہ چکلالہ کے علاقہ فضل ٹاؤن میں سلطان محمود سے دو لڑکے اسلحہ کی نوک پر ایک لاکھ 629روپے، تھانہ چکلالہ کے علاقہ گلزار قائد میں محمد عمر کے ہول سیل سٹور پر دو موٹرسائیکلوں پر 3اشخاص آئے جوگن پوائنٹ پر ساڑھے تین لاکھ روپے، سگریٹ مالیتی 60 ہزا رروپے اور 2موبائل ، تھانہ دھمیال کے علاقہ گرجاروڈ پر متعدد افراد بشیر کے ڈیرہ سے8 مویشی زبر دستی لوڈ کر کے لے گئے ۔ دیگر وارداتوں میں شہریوں سے 5 موبائل اور نقدی چھین لی گئی۔ بیشتر وارداتیں گن پوائنٹ پر ہوئیں۔چوری کی دیگر وارداتوں میں بھی شہری نقدی ، زیورات اور قیمتی اشیاءسے محروم ہو گئے۔