مصنّف: ڈاکٹر محمّد فاروق منیر فاروقی
صفحات: 175، قیمت: 500 روپے
ناشر: رُمیل ہاؤس آف پبلی کیشنز، اقبال مارکیٹ، کمیٹی چوک، راول پنڈی۔
فون نمبر: 5551519 - 051
مصنّف کا کہنا ہے کہ’’ یہ کتاب دنیا کے بڑے انقلابات کاجائزہ پیش کرتی ہے تاکہ ان کے اسباب، نتائج اور نفسیاتی اثرات کا احاطہ کیا جاسکے۔‘‘ کتاب دو حصّوں میں تقسیم کی گئی ہے۔
پہلا حصّہ مسلم انقلابی تحریکات سے متعلق ہے، جس میں سرزمینِ عرب پر برپا ہونے والے اسلامی انقلاب سے بات شروع کرتے ہوئے ایران، ترکی، انڈونیشیا، لیبیا، تیونس، الجزائر، مراکش، سوڈان اور افغانستان تک کے انقلابات کی تفصیلات دی گئی ہیں۔ دوسرے حصّے میں امریکا، روس، چین، جرمنی اور فرانس کی تحریکات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
مصنّف نے وضاحت کی ہے کہ ہندوستان میں انگریز اقتدار کے خلاف چلنے والی تحریکِ آزادی سمیت اِسی طرح کی دیگر تحریکات کی تفصیلات اگلے ایڈیشن میں شامل کی جائیں گی۔ کتاب میں شامل مضامین تعارفی نوعیت کے ہیں، جن کے مطالعے سے مختلف انقلابی تحریکات سے کسی حد تک واقفیت حاصل ہوجاتی ہے اور شاید کتاب کا مقصد بھی یہی ہے۔