• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیسن ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں ’’میچ ونر‘‘ بابر اور رضوان کی شمولیت کے حامی

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھلانے کے حامی دکھائی دیتے ہیں ۔ امکان ہے کہ مستقبل میں دونوں کھلاڑی شارٹ فارمیٹ میں پاکستان ٹیم میں واپس آسکتے ہیں۔ بنگلہ دیش کی سیریز میں شاید کچھ نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جائے لیکن مائیک ہیسن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور ایشیا کپ پلان میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو رکھنا چاہتے ہیں۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو ڈراپ کرتے وقت یہ طے کیا تھا کہ مستقبل میں دونوں سینئرز کی جگہ نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ محمد رضوان کو ایک سیریز کے بعد کپتانی سے ہٹاکر سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی قیادت سونپی گئی تھی۔ ذمے دار ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ نئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں سلیکٹر عاقب جاوید سے ملاقات کی ۔ مائیک ہیسن کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو واپس لاکر ان کی تکنیک پر کام کرنا اور تیز کھیلنے کے ساتھ اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے کا ٹاسک دینا چاہتے ہیں۔ نجی گفتگو میں مائیک ہیسن نے کہا کہ اب بھی دونوں میچ ونر ہیں ، ٹاسک دیا جائے تو میچ وننگ کارکردگی دکھاسکتے ہیں۔

اسپورٹس سے مزید