• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنگنا رناوت کو ٹرمپ سے متعلق پوسٹ کرنا مہنگا پڑ گیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

کنگنا رناوت کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق پوسٹ کرنا مہنگا پڑ گیا، انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی ہدایت پر پوسٹ حذف کرکے معذرت کرلی۔ 

بی جے پی کی رکنِ پارلیمنٹ اور معروف بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت ایک نئے تنازعے کی زد میں آ گئیں۔ انہوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا موازنہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کیا، جسے بعد میں پارٹی قیادت کی ہدایت پر حذف کرنا پڑا۔

کنگنا نے پوسٹ میں کہا تھا کہ نریندر مودی کی عالمی مقبولیت سے ٹرمپ حسد کرتے ہیں اور انہوں نے مودی کو تمام الفا میلز کا باپ قرار دیا تھا۔

اس بیان پر بی جے پی کے حلقوں میں فوری ردعمل آیا اور متعدد رہنماؤں نے پارٹی صدر جے پی نڈا سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

جے پی نڈا کی ہدایت پر کنگنا کو ناصرف اپنی پوسٹ حذف کرنا پڑی بلکہ باقاعدہ معافی بھی مانگنی پڑی۔

 انہوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جے پی نڈا جی نے مجھے کال کر کے وہ ٹوئٹ ہٹانے کا کہا جو میں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر کی تھی، جس میں انہوں نے ایپل کے سی ای او ٹم کُک سے کہا کہ بھارت میں مینوفیکچرنگ بند کریں۔

کنگنا کا کہنا ہے کہ میں اپنی ذاتی رائے پر معذرت خواہ ہوں اور ان کی ہدایت پر فوری طور پر پوسٹ حذف کر دی ہے۔

کنگنا وزیرِ اعظم مودی کی کھلی حمایتی ہیں، انہوں نے ابتدائی طور پر اپنے بیان کا دفاع کیا تھا، بعد ازاں پارٹی قیادت کی ہدایت پر خاموشی اختیار کی۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت میں ایپل کی مینوفیکچرنگ پر تنقید کی اور ٹم کُک سے کہا کہ وہ پروڈکشن بھارت میں نہ کریں، ٹرمپ کے دور میں چین سے درآمدات پر 125 فیصد ٹیرف نافذ کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایپل نے اپنی پیداوار چین سے بھارت منتقل کرنا شروع کیں۔

ایپل اب بھارت میں آئی فون کی بڑے پیمانے پر پیداوار کر رہا ہے اور تقریباً 1.5 ملین ڈیوائسز (600 ٹن) امریکا برآمد کی جا چکی ہیں جو خصوصی کارگو پروازوں کے ذریعے بھیجی گئیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید