سندھ کی دوسری بڑی یونیورسٹی جامعہ سندھ (یونیورسٹی آف سندھ) کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔
ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد مری پہلے، موجودہ قائم مقام وائس چانسلر خلیل الرحمان کمباٹی دوسرے اور انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ سائنسز کے ریکٹر طارق رحیم سومرو تیسرے نمبر پر ہیں۔
یہ تین نام کلیئرنس کے لیے انٹیلیجنس ایجنسیوں کو بھیجے جائیں گے جس کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ ان تینوں امیدواروں کے انٹرویو کر کے کسی ایک نام کی منظوری دیں گے۔
جامعہ سندھ کے وائس چانسلر کے عہدے کےلیے انٹرویوز تین روز تک چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق رفیع کی سربراہی میں جاری رہے، جس میں تقریباً 60 امیدواروں کو انٹرویو کے لیے بلایا گیا جب کہ وائس چانسلر کے عہدے کے لیے 70 سے زائد امیدواروں نے درخواست دی تھی۔
تلاش کمیٹی کے اراکین میں سیکریٹری سندھ ایچ ای سی معین صدیقی، سیکریٹری بورڈز و جامعات عباس بلوچ، سکریٹری کالجز شہاب قمر انصاری، ڈاکٹر پیرزادہ قاسم اور نان پی ایچ ڈی رکن سہیل اکبر شاہ نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ جامعہ سندھ کے وائس چانسلر ڈاکٹر کلہوڑو کی چار برس کی مدت رواں سال جنوری میں ختم ہو گئی تھی اور وزیر اعلیٰ سندھ نے انھیں دوسری مدت نہیں دی تھی۔
ڈاکٹر کلہوڑو کی عمر 62 برس سے زائد ہونے کی وجہ سے وہ دوباہ درخواست دینے کے اہل نہیں رہے تھے، جس کی وجہ سے جامعہ سندھ گزشتہ چار ماہ سے مستقل وائس چانسلر سے محروم ہے۔
واضح رہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں وائس چانسلر کی عمر 62 برس ہے جب کہ باقی تینوں صوبوں، وفاق، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں عمر کی حد 65 برس مقرر ہے۔