نیپالی کوہ پیما نے 31 بار دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرکے ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
درحقیقت کامی ریتا شیرپا نے اپنے ہی ریکارڈ کو توڑا ہے جو انہوں نے 2024 میں 29 ویں اور 30ویں بار ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے بنایا تھا۔
55 سالہ نیپالی شیرپا گائیڈ کامی ریتا کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں، انہیں ایورسٹ مین کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے۔ انہوں نے پہلی بار 1994 میں ماؤنٹ ایورسٹ پر چڑھائی کی تھی اور تب سے یہ سلسلہ چلا آ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیون سمٹ ٹریکس کا کہنا ہے کہ کامی ریتا نے 22 رکنی بھارتی فوجی ٹیم کی رہنمائی کرتے ہوئے دنیا کی سب سے بلند 8 ہزار 849 میٹر (29 ہزار 32 فٹ) چوٹی روایتی جنوب مشرقی کنارے کے راستے سے سر کی، اس گروپ میں 27 دیگر شیرپا بھی شامل تھے۔
ان کے مطابق کامی ریتا نے ناصرف خود چوٹی سر کی بلکہ انہوں نے ٹیم کے آخری رکن تک کی قیادت اور رہنمائی کی۔
مہم کے منتظمین، سیون سمٹ ٹریکس نے 31ویں بار دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے پر انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔