انسٹاگرام پر مقبول انفلوئنسر جڑواں بہنوں کے فالوورز کی تعداد تقریباً تین لاکھ تک پہنچ چکی ہے تاہم یہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ نکلیں۔
Itsvaleriaandcamila نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ نے گزشتہ دو ماہ کے دوران غیر معمولی ظاہری شکل کے باعث خاصی توجہ حاصل کی، یہ اے آئی سے تیار کردہ کردار خود کو حقیقی قرار دیتے رہے اور ایک جسم میں جڑے دو الگ سروں اور چہروں کے ساتھ نظر آئے۔
اکاؤنٹ پر یہ دعویٰ کیا جاتا رہا کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی کے لمحات شیئر کر رہی ہیں، جن میں سیر و تفریح، لباس کی جھلکیاں اور ڈیٹنگ سے متعلق اپ ڈیٹس شامل ہیں۔
دسمبر 2025 میں انسٹاگرام جوائن کرنے کے بعد اب تک اس اکاؤنٹ پر 100 سے زائد تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی جا چکی ہیں۔
حال ہی میں ایک سوال و جواب کے سیشن کے دوران ویلیریا اور کیمیلا نے دعویٰ کیا کہ ان کے معدے الگ الگ ہیں اور بعض اوقات انہیں مختلف اوقات میں بھوک اور پیاس لگتی ہے، انہوں نے کہا کہ سب کچھ باہمی تعاون سے چلتا ہے۔
محبت اور تعلقات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ایک ہی شخص کے ساتھ ڈیٹ کرتی ہیں۔
تاہم انہوں نے اے آئی ہونے کے شبہات پر کیے گئے سوالات کا براہِ راست جواب نہیں دیا، بعض صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ آیا یہ اکاؤنٹ مصنوعی ذہانت سے بنایا گیا ہے یا لوگ واقعی اسے حقیقت سمجھ رہے ہیں۔
بعد ازاں معروف اے آئی پرامپٹ انجینئر اینڈریو ہلبرٹ نے تصدیق کی کہ یہ انفلوئنسر جڑواں بہنیں دراصل اے آئی سے تیار کردہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اکاؤنٹ چلانے والے صارف نے زیادہ سے زیادہ توجہ حاصل کرنے کے لیے ایک مکمل کہانی تخلیق کی۔
اینڈریو ہلبرٹ کے مطابق جڑواں بہنوں کی حد سے زیادہ سجی سنوری اور بے عیب شکل میڈیا کے تصورِ حسن کی عکاسی کرتی ہے جو حقیقت سے بہت دور ہے۔
انہوں نے مختلف تصاویر اور ویڈیوز میں جسمانی اعضا کے سائز میں فرق کی نشاندہی بھی کی۔