• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندروں کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر پرجوش اقدامات کیے جائیں، پاکستان

پاکستان نے آنے والی نسلوں کے لیے سمندروں کے تحفظ کے لیے عالمی سطح پر پرجوش اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے فرانس کے شہر نیس میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی تیسری اوشین کانفرنس میں کیا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے سمندری وسائل اور ماحولیاتی نظام کی تنزلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس بات کی نشاندہی کی کہ صرف الگ تھلگ قومی کوششیں سمندری اور ساحلی وسائل کے تحفظ اور پائیدار استعمال کے لیے کافی نہیں ہوں گی۔

انھوں نے عمل درآمد کے وسیع پیمانے پر ذرائع جیسے کہ فنانسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور صلاحیت کی تعمیر کے ذریعے سمندروں کی حفاظت کے لیے عالمی حل تلاش کرنے پر زور دیا۔ 

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں کے اصول کی مرکزیت کا بھی اظہار کیا اور پاکستان کے BBNJ معاہدے پر دستخط کرنے کے ارادے کا اظہار کیا۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے بحیرہ عرب کے ماحولیاتی نظام پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کیا کیونکہ پڑوس میں ایک ملک کے یکطرفہ اقدامات، دیرینہ تعاون پر مبنی پانی کی تقسیم کے معاہدے اور انتظامات میں خلل ڈالنے سے صورتحال بگڑ رہی ہے۔ 

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ پانی کو ہتھیار بنانے کی ان کوششوں کی مذمت کرے اور بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کی ذمہ داریوں کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کرے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید