• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے جوہری پروگرام پر دیرینہ خدشات رکھتے ہیں، برطانیہ

برطانوی وزیراعظم سَر کیئر اسٹارمر نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے لندن روانگی سے قبل گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور تحمل کی ضرورت پر زور دیا۔

اسٹارمر نے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بات فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون، جرمن چانسلر فریڈرش مرز، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر سے بھی ہو چکی ہے۔

برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ہم ایران کے جوہری پروگرام پر دیرینہ خدشات رکھتے ہیں اور اسرائیل کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہیں لیکن صورتحال کو فوری طور پر قابو میں لانا ضروری ہے۔ خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خطرہ ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت اور تیل کی قیمتوں پر بھی پڑ رہے ہیں۔

اسٹارمر نے مزید بتایا کہ ہفتے کے روز برطانوی وزیرِخارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایرانی وزیرِخارجہ عباس عراقچی سے بھی بات کی، جس میں کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل اپنے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں، میرا اور وزیرِخارجہ کا پیغام ہر جگہ ایک ہی ہے کہ کشیدگی میں کمی لائی جائے۔

اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ حملوں کے تناظر میں یہ سفارتی کوششیں عالمی سطح پر کشیدگی کو روکنے کے لیے جاری ہیں، جب کہ اسٹارمر کینیڈا میں ہونے والے G7 اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید