• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلم ’تیرے نام‘ میں ہیئر اسٹائل سابق بھارتی صدر سے متاثر ہو کر اپنایا: سلمان خان کا انکشاف

سلمان خان کا فلم تیریے نام میں خصوصی لگ—فائل فوٹو
سلمان خان کا فلم تیریے نام میں خصوصی لگ—فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے ہیئر کٹس اور لباس سالوں سے ان کے مداحوں کے لیے کافی متاثر کن رہے ہیں لیکن ان کا ایک لک جو سب سے زیادہ یادگار رہا ہے وہ 2003ء کی فلم ’تیرے نام‘ میں درمیان سے مانگ نکالے ان کے لمبے بال تھے۔

نیٹ فلکس پر دی گریٹ انڈین کپل شرما شو کے سیزن 3 میں سلمان خان نے انکشاف کیا کہ ایک سابق بھارتی صدر سے متاثر ہو کر انہوں نے یہ ہیئر اسٹائل اپنایا تھا۔

فلم ’تیرے نام‘ میں سلمان خان نے رادھے موہن نامی ایک بے روزگار و لڑاکا نوجوان کا کردار ادا کیا تھا جو خود تو بدمعاش ہو سکتا ہے لیکن اسے اپنے ہی انداز میں انصاف کرنا پسند تھا، تاہم ان کا یہ لک ایک ایسی شخصیت سے متاثر تھا جو رادھے کے مزاج کے بالکل برعکس تھے یعنی سابق بھارتی صدر اے پی جے عبدالکلام۔

دی گریٹ انڈین کپل شو کی پہلی قسط میں اداکار نے بتایا کہ یہ جو فلم ’تیرے نام‘ کا لک ہے، وہ دراصل عبدالکلام صاحب سے متاثر ہو کر اپنایا تھا اور اس دوران میرے خیال میں راہول رائے کا بھی یہی ہیئر اسٹائل تھا، میں نے سوچا کہ جو چھوٹے شہر کا ہیرو ہوتا ہے اس کے ہمیشہ لمبے بال ہوتے ہیں، پرانے دور کے سب ہیروز کے لمبے بال ہوتے تھے۔

دی گریٹ انڈین کپل شو کے تیسرے سیزن کا آغاز 21 جون یعنی آج ہو رہا ہے جس میں سلمان خان بطور مہمان نظر آئیں گے۔

فلم ’تیرے نام‘ کی ہدایت کاری ستیش کوشک نے دی تھی جو بالا کی 1999ء کی فلم سیتھو کا ریمیک ہے، جس میں وکرم نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، بھومیکا چاؤلہ نے فلم تیرے نام سے اپنا ہندی ڈیبیو کیا تھا۔

فلم نے باکس آفس پر ایک معتدل کامیابی حاصل کی تھی اور اس میں سلمان خان کے بطور رادھے بھومیکا کے کردار نرجلا کے ساتھ سلوک پر تنقید کی گئی تھی تاہم سلمان خان کی اداکاری کو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی میں سے ایک مانا گیا۔

2023ء کی فلم ٹائیگر 3، 2024ء کی فلموں سنگھم اگین اور بے بی جان میں مختصر کرداروں کے بعد سلمان خان نے اس سال اے آر مروگداس کی فلم سکندر میں مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید