ساؤتھ اور ہندی فلموں کے معروف اداکار پرکاش راج کے خلاف بنگلورو کی ایک عدالت نے متعدد ووٹر آئی ڈی کارڈ رکھنے کے کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیے، اطلاعات کے مطابق پرکاش راج عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک کے مندروں کے لیے مشہور قصبے دھرمستھلا کے معاملے پر پر پریس سے گفتگو کے چند دن بعد ہی پرکاش راج مذکورہ بالا قانونی مشکل میں گھر گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کی عدالت نے یہ وارنٹ اس وقت جاری کیے جب پرکاش راج نے بار بار جاری کیے گئے عدالتی سمن کا جواب نہیں دیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 2019 میں ایک وکیل دلیپ کمار نے بنگلورو کے ہلاسورو گیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ پرکاش راج بیک وقت کرناٹک، تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں ووٹر کے طور پر رجسٹرڈ ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے قوانین کے مطابق ایک شہری صرف ایک ہی مقام پر ووٹر رجسٹریشن رکھ سکتا ہے۔
تاہم پرکاش راج ماضی میں ان الزامات کی تردید کر چکے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ صرف تامل ناڈو سے ووٹ ڈالتے ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ پرکاش راج کے وکلا وارنٹ کے خلاف اعلیٰ عدالت سے رجوع کریں گے یا فوری ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔
جہاں تک کام کا تعلق ہے تو پرکاش راج حال ہی میں تامل فلم کالی داس 2 اور تیلگو فلموں سیتھا پینم، ایس سراسوتی اور ڈیکویت: اے لو اسٹوری میں نظر آئے تھے۔ ان کی آنے والی فلموں میں ہندی فلم دریشیم 3، تیلگو فلمیں وارانسی اور اسپرٹ، جبکہ تامل فلم جنا نائگن شامل ہیں۔