• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈونا نے اپنی بائیوپک منسوخ ہونے کی اصل وجہ بتا دی

میڈونا---فائل فوٹو
میڈونا---فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ پاپ اسٹار میڈونا نے پہلی بار انکشاف کیا ہے کہ ان کی زندگی پر بننے والی طویل عرصے سے زیرِ غور بائیوپک آخرکار کیوں منسوخ ہوئی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں میڈونا نے بتایا ہے کہ فلم کی تیاری تقریباً 4 سال تک جاری رہی، جن میں سے 2 سال اسکرپٹ لکھنے اور مزید 2 سال بجٹ، کاسٹنگ اور پری پروڈکشن پر کام کرنے میں صرف ہوئے، تاہم آخر کار مالی معاملات پر اختلافات کے باعث منصوبہ ختم کر دیا گیا۔

میڈونا کے مطابق میری زندگی غیر معمولی اور طویل جدوجہد سے بھرپور رہی ہے، جسے بڑے پردے پر پیش کرنے کے لیے بڑے بجٹ کی ضرورت تھی، لیکن پروڈکشن ہاؤس اس منصوبے کے حجم اور اخراجات پر مطمئن نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اخراجات کم کرنے کے لیے فلم کی شوٹنگ سربیا میں کرنے کی تجویز بھی دی گئی تھی، لیکن اسٹوڈیو نے اس خیال پر اعتماد کا اظہار نہیں کیا۔

میڈونا کا کہنا ہے کہ مجھے محسوس ہوا کہ شاید اسٹوڈیو کو میرے وژن پر مکمل یقین نہیں تھا، جس کے باعث یہ منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا۔

یونیورسل پکچرز کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد نیٹ فلیکس نے اس کہانی کو ایک سیریز کی صورت میں بنانے میں دلچسپی ظاہر کی، تاہم وہاں بھی مشکلات پیش آئیں۔

میڈونا کے مطابق یونیورسل کے ساتھ لکھے گئے اسکرپٹ کے حقوق واپس حاصل کرنے کے لیے بہت زیادہ رقم درکار تھی، جس کے باعث نیا منصوبہ شروع کرنا پڑا۔

انہوں نے بتایا کہ نئی سیریز کے لیے شو رنر کی تلاش کئی ماہ تک جاری رہی، لیکن اس دوران کوئی حتمی پیش رفت نہ ہو سکی۔

یہ بائیوپک 2021ء میں یونیورسل پکچرز نے ایک سخت مقابلے کے بعد حاصل کی تھی، جبکہ میڈونا خود اس فلم کی شریک مصنفہ اور ہدایت کار تھیں، فلم میں میڈونا کے کردار کے لیے اداکارہ جولیا گارنر کا انتخاب 2022ء میں کیا گیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید