وفاقی وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیرِ ریلوے حنیف عباسی راولپنڈی سے بذریعہ ٹرین لاہور کے لیے روانہ ہوئے۔
حنیف عباسی ٹکٹ خرید کر لاہور جانے والی ٹرین پر سوار ہوئے۔
حنیف عباسی نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر جدید ٹک شاپس کے کام کا بھی معائنہ کیا اور کام کو جلد ختم کرنے کی ہدایت ہدایت کی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جب تک خود ٹرین میں سفر نہیں کروں گا، مسافروں کی مشکلات نہیں سمجھ سکتا۔
وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ راولپنڈی سے لاہور سفر کے دوران مسافروں کے تاثرات سنوں گا۔
ان کا کہنا ہے کہ محکمۂ ریلوےکو کرپشن سے پاک اور کارکردگی کا مثالی ادارہ بنائیں گے۔
دریں اثنا لاہور ریلوے اسٹیشن پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی اور اٹک ریلوےاسٹیشنز پر جدید سہولتوں کی فراہمی کیلئے پنجاب حکومت کام کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیشن پر برقی سیڑھیاں لگانےجا رہے ہیں، 40 ریلوے اسٹیشنز پر پنجاب حکومت فری وائی فائی لگائے گی، ملتان اورخانیوال اسٹیشن پر صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کرنے جا رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے کہا سی سی او، چیئرمین اور دیگر کے سلون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، سی ای او اور چیئرمین سمیت کسی کو سفر کرنا ہے تو اپنی جیب سے سلون کا کرایہ ادا کرے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے افسران کے بیرونی دوروں پر بھی پابندی لگا دی ہے، کراچی سے روہڑی ریلوے کی ریڑھ کی ہڈی ہے، آئندہ 2 سے 3 سالوں میں کراچی روہڑی ٹریک کی تعمیرنو کریں گے۔
انھوں نے کہا اگر سارے صوبے اپنے حصہ کا کام کرتے تو ایم ایل ون ہم خود بناسکتے تھے، چاروں صوبوں میں فوڈاتھارٹی کو انسپیکشن کے اختیارات دینے جا رہے ہیں، 28 کوچز کو اپ گریڈ کرکے اسکا افتتاح وزیراعظم سے کروائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا لاہور ریلوے اسٹیشن پر نیا ویٹنگ ایریا بنائینگے، تمام واشنگ لائنز کو آؤٹ سورس کرینگے، 30 ستمبر تک آؤٹ سورس کاعمل مکمل کریں گے، فریٹ ٹرینوں کو مزیدبہتر کرینگے،
حنیف عباسی نے کہا کوشش ہے کہ فریٹ ٹرینوں سےآمدن بڑھا کر مسافر ٹرینوں پر ریلیف دیں، پاکستان ریلویز معیشت میں ایک اہم رول ادا کرتی ہے، ریلویز کی اپ لفٹنگ کے بغیر اکانومی کو بہتر نہیں کیا جاسکتا۔