کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)علماء اہلسنت و اہل تشیع اور بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رہنماوں نے کہا ہے کہ محرم الحرام اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے ، ذاکرین و علماء کرام ماہ مقدس میں فرقہ واریت کی بیخ کنی اور امت مسلمہ کو متحد رہنے کا پیغام دیں ، عالم اسلام نے بیداری اور ٹیکنالوجی سےعالم کفر کا مقابلہ کرنا ہوگا ، محرم الحرام کے دوران سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔ یہ بات ڈاکٹر عطاء الرحمٰن ، پیرخالد سلطان القادری ، بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر عاشق حسین ہزارہ ، علامہ سید ہاشم موسوی ، قاری عبدالرحمٰن نورزئی ، علامہ شہزاد عطاری ، علامہ کاظم ، علامہ شیخ ولایت حسین جعفری ، جنرل سیکرٹری میر مختار میر ، سیکرٹری نشرواشاعت مرزا سجاد اور دیگر نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے رفقاء کی عظیم قربانی تاریخ میں ہمیشہ ایک مشعل راہ ثابت ہوگی انہوں نے اپنی قربانی سے تاقیامت یہ درس دیا کہ ظلم کا ساتھ دینا ظلم ہےانہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں ہے کہ کسی بھی فرد کو یہ اجازت نہیں کہ محرم کے مہینے میں کسی کا خون بہائے لیکن دس محرم الحرام کو قرآن پاک کے اس حکم کو پامال کیا گیا ۔ یزید نے اسلامی قوانین کی پامالی کی جس پر حضرت امام حسین ؓ نے فیصلہ کیا کہ ظلم کے ساتھ زندہ رہنا ظلم ہے اور دس محرم کو یہی ان کے خطاب کا حصہ تھا ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مقدس مہینہ شروع ہے اس ماہ میںحضرت امام حسین ؓاور انکے 72رفقاء کو شہید کیا گیا اس محرم میں ہمیں دنیا کوپیغام دینا ہے کہ امت مسلمہ متحد ہے مسلمان متحد ہونگے تو طاغوتی طاقتیں ہم سے دور رہیں گئی ۔ آج بھی مسلمان اس پر متفق ہوجائیں کہ ان کے یہاں جمہوری بنیادوں پر اقتدار صرف میرٹ پر لوگوں کو دیا جاِئے گا تو ہمارے سارے مسائل حل ہوجائیں گے ۔