کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکرٹری اطلاعات کرن بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ویمن ونگ کی مرکزی صدر ادی فریال تالپور کی قیادت میں پارٹی دن بدن مضبوط، فعال اور منظم ہو رہی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ادی فریال تالپور نے پارٹی اور عوام کے حقوق کے لیے جو قربانیاں دی ہیں، انہیں تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھا جائے گا۔وہ نہ صرف ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں بلکہ وہ خواتین کے حقوق کی علمبردار بھی ہیں۔ ان کی قیادت میں خواتین کارکنان کو آگے آنے کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں اور تنظیمی معاملات میں بھرپور نمائندگی بھی دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی خواتین بھی اب پارٹی کی صفوں میں پہلے سے زیادہ فعال کردار ادا کر رہی ہیں اور یہ سب ادی فریال تالپور کی متحرک اور بامقصد قیادت کی بدولت ممکن ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو ادی فریال تالپور نے نہایت جانفشانی سے آگے بڑھایا ہے اور ویمن ونگ کو ایک مؤثر تنظیمی ڈھانچے میں ڈھال دیا ہے۔