• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صائمہ مسلم، کراچی

انتہائی ذائقے دار، صحت بخش پھل ہونے کے ساتھ آم کی یہ خصوصیت بھی ہے کہ اس سے مختلف قسم کے مشروبات کے علاوہ آئس کریم، اچار، مربّا اور چٹنی بھی تیار کی جا سکتی ہے اور یہ تمام لوازمات، خاص وعام اورہرعُمر کے افراد بڑے ذوق وشوق سےنوشِ جاں کرتے ہیں۔ 

اِن دنوں چوں کہ ہرطرف آموں کی بہار سی آئی ہوئی ہے، تو ذیل میں ہم کیری کی چٹنی، آم رس، اور مینگو آئس کریم کی تراکیب پیش کررہے ہیں، جنہیں آپ گھر پر بآسانی تیار کر کے اِس سخت موسمِ گرما میں اپنے اور اہلِ خانہ کے لیے خُوب فرحت کا سامان کرسکتی ہیں۔

کیری کی چٹنی

اجزاء: کیریاں (ایک پاؤ)، ہرا دھنیا (ایک مُٹھی) پودینا (ایک مُٹھی)، لہسن، ادرک کا پیسٹ (ایک کھانے کا چمچ) ہری مرچیں (پانچ سے چھےعدد) نمک حسبِ ذائقہ، پانی حسبِ ضرورت۔

ترکیب: سب سے پہلے کیریاں اچھی طرح دھو کر چھیل لیں۔ پھر اِنھیں دھنیے، پودینے، لہسن، ادرک، ہری مرچوں، نمک اور پانی کے ساتھ ملا کر گرائنڈر میں ڈال کر پیسٹ بنالیں۔ لیجیے، مزے دار اسپیشل کیری چٹنی تیار ہے۔

آم رس

اجزاء: میٹھے آم دو عدد، تُرش آم ایک عدد، پانی (ٹھنڈا) دو گلاس، چینی چار چمچ، برف حسبِ ضرورت (کیوبز کی صُورت میں)۔

ترکیب: آموں کو اچّھی طرح دھونے کے بعد چِھیل کر کاٹ لیں اور دو گھنٹے کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ اب جوسر بلینڈر میں کٹے ہوئے آم، چینی اور پانی ڈال کر اچّھی طرح بلینڈ کریں۔ جب سب اچّھی طرح یک جان ہو جائیں، تو حسبِ ضرورت برف ڈال کر مزید بلینڈ کریں اور جلتے بلتے موسم میں، خُوب مزے دار، کھٹا میٹھا آم رس جی بھر کے انجوائے کریں۔

مینگو آئس کریم

اجزاء: آم تین عدد (درمیانے سائز کے) کنڈینسڈ ملک آدھا کپ، دہی ایک کپ۔

ترکیب: تین عدد درمیانے سائز کے آم چِھیل کر اچّھی طرح دھولیں۔ دھونے کے بعد اُن کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرلیں۔ پھر ایک زِپ لاک بیگ لیں اور اس میں آم کے یہ پِیسز ڈال کر فریزر میں پوری رات یا تین سے چار گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ ایک کپ دہی کو کسی چھلنی میں دس منٹ کے لیےرکھ دیں، تاکہ اس کا سارا پانی چھن کر الگ ہو جائے۔ 

اس کے بعد جوسر بلینڈر میں فریز کیے ہوئے آم، کنڈینسڈ ملک اور دہی ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ جب ساری چیزیں اچھی طرح بلینڈ ہوجائیں، تو کسی پیالے میں ڈال کراچھی طرح پھیلا دیں اور پیالا پوری رات کے لیے فریزر میں رکھ دیں۔ لیجیے، بہترین مینگو آئس کریم تیار ہے۔ خود بھی کھائیں اوراہلِ خانہ، خصوصاً بچّوں اور مہمانوں کو بھی کھلائیں۔