مصنّف: میاں اختر علی
صفحات: 160، قیمت: 1800روپے
ناشر: نور پبلشرز۔
فون نمبر: 0059342 - 0328
میاں اختر علی ایک کہنہ مشق قلم کار، سماجی رہنما اور طبّی ماہر ہیں۔ان کی پوری زندگی خدمتِ انسانیت سے عبارت ہے۔ ان کی تحریروں میں اصلاحی پہلو نمایاں ہے۔ زیرِ نظر کتاب ایک سفرنامہ ہے، جو اُنہوں نے 2022ء اور 2023ء میں امریکا کے سفر اور سیر و سیّاحت کے دَوران اپنے مشاہدات اور حاصل کردہ معلومات کی بنیاد پر تحریر کیا ہے۔ یہ کتاب امریکا جانے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک تحفہ ہے، جس سے بھرپور انداز میں رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے کہ یہ سفرنامہ بہت سادہ اور آسان زبان میں تحریر کیا گیا ہے۔
کسی بھ سفرنامے کی سب سے بڑی خُوبی یہ ہوتی ہے کہ قاری خُود سفر کیے بغیر، مصنّف کی آنکھ سے ایک ایک چیز کا مشاہدہ کر رہا ہوتا ہے اور خُود کو اس ماحول میں موجود پاتا ہے۔ نیز، اُس ملک یا مقام کے حوالے سے اجنبیت محسوس نہیں کرتا اور بلامبالغہ اس سفرنامے میں یہ خوبی بدرجۂ اتم موجود ہے۔
یہ سفرنامہ76عنوانات پر مشتمل ہے اور بلاشبہ نہایت آسان پیرائے میں معلومات کا خزانہ اپنے دامن میں لیے ہوئے ہے۔ کتاب کا مطالعہ کرتے ہوئے تمام مناظر آنکھوں کے سامنے اس طرح آجاتے ہیں، جیسے قاری خُود وہاں موجود ہو۔ میاں اختر علی کی یہ کتاب فنی مہارت کی منہ بولتی تصویر ہے، گرچہ یہ اُن کی پہلی کتاب ہے۔ اُمید ہے کہ وہ آئندہ بھی اِس نوعیت کی کتابیں منظرِ عام پر لاتے رہیں گے۔