مرتّب: زنیر ظفر
صفحات: 208، قیمت: 900 روپے
ناشر: بکس اینڈ ریڈز، ملتان۔
فون نمبر: 5093833 - 0335
ملتان کی قوی شعری روایت کو اعتبار عطا کرنے والوں میں ایک نام، علّامہ عبدالرشید نسیم طالوت کا بھی ہے۔ وہ اردو اور سرائیکی زبان کے قادر الکلام شاعر ہونے کے ساتھ صحافی، نقّاد، محقّق اور ماہرِ تعلیم بھی تھے۔ علّامہ طالوت کی نثر نگاری اور شاعری نے ملتان کی علمی وشعری روایت کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
وہ عُمر بھر مولانا عطا اللہ شاہ بخاری کی’’مجلسِ احرار‘‘ سے وابستہ رہے اور اِس حوالے سے شاعری بھی کی۔ زیرِ نظر کتاب، زنیر ظفر کا تحقیقی مقالہ برائے ایم فِل ہے، جو اُنہوں نے صدر نشیں، شعبۂ اردو، بہاؤ الدّین زکریا یونی ورسٹی(ملتان) ڈاکٹر روبینہ ترین کی نگرانی میں مکمل کیا ہے۔
اِس مقالے کے ماخذات میں علّامہ طالوت کی آٹھ ڈائریاں، زنیر ظفر کے والدِ گرامی، ڈاکٹر مختار ظفر کی خصوصی توجّہ اور مقالے کی نگراں، ڈاکٹر روبینہ ترین اور اُن کے مرحوم استاد، قاضی عابد کی سرگوشیاں بھی شامل ہیں۔ زنیر ظفر کی یہ کاوش بلاشبہ قابلِ تحسین وستائش ہے کہ اُنہوں نے بڑی عرق ریزی کے ساتھ یہ فریضہ سرانجام دیا۔سو، یہ کتاب تحقیق وتدوین سے دل چسپی رکھنے والے طلبہ کی یقیناً رہنمائی کرے گی۔