مصنّف: پروفیسر محمّد اسلم اعوان
صفحات: 280، قیمت: 700روپے
ناشر: جہانِ نو پبلی کیشنز، اردو منزل 51/C،جوڈیشنل کالونی، گوجرانوالا۔
فون نمبر: 7401527 - 0300
پروفیسر اسلم اعوان ایک ماہرِ تعلیم کی حیثیت سے اپنی نمایاں شناخت رکھتے تھے، پنجاب یونی ورسٹی میں’’ شعبہ تاریخ‘‘ کے سربراہ رہے، جب کہ اُن کی ادبی خدمات بھی نظر انداز نہیں کی جاسکتیں۔ اُنہوں نے’’ وفیات مشاہیرِ پاکستان‘‘ کے عنوان سے 14اگست1947ء سے14اگست1987ء تک، 40برسوں کے دَوران وفات پانے والی مشہور سیاسی، دینی، علمی، ادبی اور ثقافتی شخصیات کی تاریخ ہائے وفات پر مشتمل321صفحات پر مشتمل ایک کتاب تحریر کی تھی، جو ستمبر1990ء میں’’ مقتدرہ قومی زبان‘‘ نے شائع کی۔
زیرِ نظر کتاب بھی اُسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں ضلع گوجرانوالا میں مدفون مشاہیر کے حالاتِ زندگی دئیے گئے ہیں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی 164شخصیات پر لکھنا کوئی معمولی بات نہیں۔ یہ کتاب ایک تاریخی دستاویز کا درجہ رکھتی ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ خفتگانِ خاکِ کراچی، خفتگانِ خاکِ لاہور اور خفتگانِ خاکِ گجرات کے ناموں سے بھی اُن کی تین کتابیں منظرِعام پر آچُکی ہیں۔ ان کتابوں سے اُن کی علمی بصیرت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ گوکہ اب وہ ہمارے درمیان نہیں، لیکن ان کی تحریریں اُنہیں ہمیشہ زندہ رکھیں گی۔