مصنّفہ: سارہ عُمر
صفحات: 168، قیمت: 1000روپے
ناشر: کتاب نگر، ہادیہ حلیمہ سنز، غزنی اسٹریٹ، اردو بازار، لاہور۔
فون نمبر: 1620824 - 0335
سارہ عُمر کا نام محتاجِ تعارف نہیں۔وہ گزشتہ دس برسوں سے سعودی عرب کے شہر’’ریاض‘‘ میں مقیم ہیں۔ اُنہوں نے ادبی سفر کا آغاز دس سال قبل’’الف کتاب‘‘ کے پلیٹ فارم سے کیا،بنیادی طور پر کہانی کار ہیں، کبھی کبھی شاعری بھی کرلیتی ہیں۔
اُن کی زیرِ نظر کتاب کا نام انفرادیت کا حامل ہے۔سات آسمان، سات زمینیں، سات سمندر، سات سُر، سات دن، سات منزلیں، سات برّ ِاعظم، سات رنگ۔بقول مصنّفہ، سات کا ہندسہ وہ پُراسرار ہندسہ ہے، جسے اِس کائنات میں بے حد اہمیت حاصل ہے، نہ جانے اِس میں کیا راز پوشیدہ ہے، مگر اسے نہ صرف خوش بختی کی علامت سمجھا جاتا ہے، بلکہ سات نمبر کو اسلامی لحاظ سے بھی اہم گردانا گیا ہے۔ یہ کتاب، محبّت کی چاشنی میں لپٹی سات اچھوتی کہانیوں پرمشتمل ہے۔ عنوانات ملاحظہ فرمائیں: دردِ آشنائی، سات منٹ، سُرخ راستے، دل کی لگی، خواب مرتے نہیں، تیسرا دھچکا اور عبدالصمد۔
سارہ عُمر نے انتساب میں لکھا ہے کہ’’ کتاب سے علم اور زندگی سے تجربہ حاصل کرنے والے کبھی ناکام نہیں ہوتے۔‘‘، ہمیں اُن کی اِس بات سے سو فی صد اتفاق ہے۔زیرِ نظر کتاب میں زلیخا واجد، سنبل توصیف،زینب گُل، خرّم احمد خان اور مایا سلطان کے توصیفی مضامین بھی شامل ہیں۔