کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین سندھ عزاداری ونگ کے صدر علامہ سید علی انور جعفری نے کہا ہے کہ آغاز ماہ محرم الحرام سے اب تک صوبائی و شہری حکومت کی نا اہلی جاری ہے،شہر کی مختلف مساجد و امام بارگاہوں کے آگے مون سون بارشوں کے بعد سیوریج کا پانی کھڑا ہوا ہے شہری و ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب سمیت صفائی،ستھرائی و بجلی کے کوئی خاطر خواں انتظامات نظر نہیں آرہے ہیں،میئر کراچی ایک نااہل شخص اور ملک پر ناکام اور نااہل قسم کے لوگ حاکم ہیں، 17 سال سے صوبہ سندھ پر حکومت کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی نے معاشی حب کراچی کو تباہ وبرباد کردیا،ایام عزاء کے دوران شہر میں 12 سے16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے جس کی مذمت کرتے ہیں،ٹینکر مافیا کا راج ہے، عوام فلٹر پلانٹس سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں،انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف اضلاع میں ہنگامی بنیادوں پر عشرہ محرم الحرام میں مجالس و جلوس عزاء کے روٹس پرصفائی ستھرائی، روشنی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔