پاک بھارت جنگ کے تناظر میں سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز جہاں وائرل ہوتی رہیں وہیں آئی ایس پی آر افواجِ پاکستان کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنسز نے بھی عوام میں زبردست مقبولیت اور پزیرائی حاصل کی۔
سوشل میڈیا پر چاہے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بھارتی میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی جھوٹی خبروں کی منفرد انداز میں تردید یا پھر ایئر وائس مارشل کی جانب سے پاکستان ایئر فورس کی کارکردگی اور اسکور ہو یہ انداز ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
پاک بھارت جنگ کے دوران سوشل میڈیا پر مختلف ویڈیوز ٹرینڈ کرتی رہیں لیکن جن دو ایونٹس کی سب سے زیادہ گونج رہی، اس میں ایک تو وہ رافیل طیارے تھے جو پاکستان ایئر فورس نے مار گرائے اور دوسری تھیں وہ پریس کانفرنسز جو ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد اور وائس ایڈمرل پاکستان نیوی راجہ رب نواز نے کیں۔
ان پریس کانفرنسز میں جہاں اس جنگ سے متعلق سب تفصیلات تھیں وہیں ان کےا نداز نے دنیا کو ان کا گرویدہ بنا دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری، یہ کشیدہ حالات میں جب بھی آئے، ناصرف قوم کو اعتماد دے کر گئے، بلکہ ہر بار ایک ایسی پنچ لائین بھی دے گئے جو ٹاپ ٹرینڈ بنی رہی۔
ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد گوگل سے لے کر یوٹیوب، انسٹا گرام سے لیکر ایکس صارفین میں سے شاید ہی کوئی ہو جو ان کے سحر میں مبتلا نہ ہوا ہو۔
شاید ان گزرے 4، 5 دنوں میں سوشل میڈیا پہ جو سب سے زیادہ ریلز بنی وہ انہی کی ہوں گی۔
ان کی پُر اعتماد اور پر کشش شخصیت کے باعث خواتین میں بھی یہ بہت مقبول ہیں اور سوشل میڈیا پر دلچسپ جملوں سے اورنگزیب احمد کے لیے خواتین اپنی پسندیدگی کا اظہار کر رہی ہیں اور اس ٹرینڈ کو دیکھ کر بعض سوشل میڈیا انفلونسرز نے خواتین کو ان کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہ کرنے کی نصیحتیں بھی کی ہیں۔
وائس ایڈمرل رب نواز ان کا رعب اپنی جگہ پر ان کا ایک جملہ ہی کئی لوگوں کا سوشل میڈیا اسٹیٹس بن گیا۔