وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ رینجرز اختیارات کو سیاسی فٹ بال نہیں بننے دیں گے، کراچی آپریشن مفت میں نہیں ہوا، 31 جوان و افسر شہید اور 89 زخمی ہوئے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات میں تاخیر ان کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پچھلے چند دنوں میں کراچی میں دن دیہاڑے ہمارے 2 فوجی جوان شہید کیے گئے، کوئی نشاندہی نہیں ہوئی کہ اس کے پیچھے کونسا گروہ ہے، لاڑکانہ میں رینجرز اہلکار کی شہادت میں بھی کسی گروہ کی نشاندہی نہیں ہوئی ۔
چوہدری نثا ر کا کہنا تھا کہ سندھ ميں رینجرز کی موجودگی کو سیاسی نہیں بنانا چاہیے، کراچی آپریشن وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کی مشاورت کے بعد شروع کیا اورآپریشن کو ملک بھر کے عوام کی حمایت حاصل ہے.
چوہدری نثار نے مزید کہا کہ امید کرتا ہوں کہ ہر دفعہ توسیع کا مسئلہ سیاسی مسئلہ نہيں بنے گا ،رینجرز کارروائیوں سے کراچی میں ہرقسم کے جرائم میں کمی آئی ہے۔