پشاور(ارشدعزیزملک)خیبرپختونخواکے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سانحہ سوات میں سیاحوں کی ہلاکت پر ضلعی انتظامیہ، آبپاشی، بلدیات اور ریسکیو 1122 کے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی منظوری دے دی ہےجن کی غفلت کے باعث سیاحوں کو بچانے میں تاخیرہوئی اور وہ سیلابی پانی میں ڈوب گئے ۔صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ واقعے کے دوران پولیس، ریونیو، آبپاشی، ریسکیو اور سیاحت کے محکموں کے درمیان رابطے کا فقدان رہا، ابتدائی وارننگ سسٹم بروقت الرٹ جاری کرنے میں ناکام رہا، جب کہ عمارتوں کی منظوری اور تجاوزات کی نشاندہی سے متعلق ریگولیٹری نظام بھی غیر واضح پایا گیا۔رپورٹ کے مطابق ہوٹل مالکان نے ممکنہ خطرات سے سیاحوں کو آگاہ نہیں کیا اور ریسکیو 1122 کی کارروائی تربیت یافتہ عملے اور ضروری آلات کی کمی کے باعث تاخیر کا شکار ہوئی۔