سندھ کی دوسری بڑی انجینئرنگ یونیورسٹی جامعہ این ای ڈی کے لیے ہونے والے داخلہ ٹیسٹ میں کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے میدان مار لیا ہے جس کے 89 فیصد بچے داخلہ ٹیسٹ میں پاس ہو گئے ہیں۔
دوسرے نمبر پر فیڈرل بورڈ کے 78.5 فیصد اور تیسرے نمبر پر کراچی بورڈ رہا جس کے بچوں کی کامیابی کا تناسب 76.69 فیصد رہا، تاہم اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈز سے اے ون اور اے گریڈ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی نمایاں اکثریت ٹیسٹ میں ناکام ہوگئی جب کہ ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس صرف 50 فیصد تھے۔
پہلے مرحلے کے اس ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 68.1 فیصد طلبہ پاس ہوئے، جس میں 9388 طلبہ شریک اور 6398 طلبہ پاس جبکہ 2990 طلبہ فیل ہوئے۔
اعداد وشمار کے مطابق حیدر آباد بورڈ سے انٹر کرکے این ای ڈی یونیورسٹی کے ٹیسٹ میں شریک کل 764 میں سے 406 طلبہ فیل ہوگئے ہیں اور فیل ہونے والے طلبہ کا یہ تناسب 53.3 فیصد ہے۔
اسی طرح لاڑکانہ سے 322 طلبہ شریک اور 219 فیل ہوگئے، فیل طلبہ کا تناسب 68.1 فیصد ہے۔ میرپور خاص سے 522 طلبہ شریک ہوئے اور 308 فیل ہوگئے، فیل طلبہ کا یہ تناسب 59.1 فیصد ہے۔
نواب شاہ بورڈ سے 261 طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 144 فیل ہوئے، فیل ہونے کا تناسب 55.2 فیصد ہے۔ سکھر بورڈ سے 266 طلبہ ٹیسٹ میں شریک ہوئے اور ان میں سے 176 فیل ہوئے جس کا تناسب 66.2 فیصد ہے۔
اسی طرح کراچی بورڈ سے 5951 طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 4564 طلبہ پاس اور 1387 فیل ہوئے، فیل ہونے والوں کا تناسب صرف 23.4 فیصد ہے، فیڈرل بورڈ 257 شریک طلبہ میں سے 202 پاس اور 55 فیل ہوئے جبکہ کیمبرج سے شریک 483 میں سے 455 پاس اور 28 فیل ہوئے۔