کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گر گئی، دو خواتین جاں بحق، 4 زخمی ہوگئیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساؤتھ کا کہنا ہے کہ بلڈنگ کا چھٹا فلور پانچویں منزل پر گرا، چھت گرنے سے جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین بہنیں ہیں۔
ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ ایک ہی خاندان کے 6 افراد اس عمارت میں رہائش پذیر تھے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ لیاری سمیت کراچی بھر میں خطرناک عمارتوں کو فوری خالی کروایا جائے، انسانی جانیں قیمتی ہیں، عمارتوں کی اسٹراکچرل جانچ پڑتال کی جائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 4 جولائی 2025 کو لیاری میں 5 منزلہ عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوئے تھے، عمارت گرنے کا مقدمہ محکمہ بلدیات کی مدعیت میں درج کر لیا گیا تھا۔
مقدمے میں ایس بی سی اے میں سال 2022 سے 2025 تک تعینات 6 ڈائریکٹرز، 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز اور 3 بلڈنگ انسپکٹرز کو نامزد کیا گیا تھا، ایک ڈائریکٹر کے علاوہ تمام ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، مقدمے کے مطابق ایس بی سی اے کے افسران اور عملے نے غفلت اور لاپروائی برتی ہے۔
مقدمہ کے مطابق گرنے والی عمارت کا پلاٹ 527.3 گز کا ہے، 1986میں گراؤنڈ پلس فائیو عمارت تعمیر کی گئی، 2022 میں عمارت کی خستہ حالی سے متعلق ایس بی سی اے افسران اور عملے کو معلومات تھیں، مقدمے میں غفلت، لا پروائی، قتل بالسبب اور سرکاری اختیار کا ناجائز فائدہ اُٹھانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
نامزد افسران اور دیگر عملے نے غفلت اور لا پروائی برتی اور دفتری ریکارڈ میں عمارت کی خستہ حالی کا اندراج نہیں کیا، مقدمے میں عمارت کے موجودہ مالکان رحیم بخش، تاج محمد، نثار احمد عبدلعزیز اور دیگر مالکان کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔