وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی ٹکٹوں کے لیے پی ٹی آئی میں بولیاں لگی ہیں۔
لاہور سے جاری بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پارٹی ورکر ہار گئے، نوٹوں کی چمک جیت گئی، کارکنوں پر اے ٹی ایمز کو ترجیح دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں نے پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کے پول کھول دیے، ہارس ٹریڈنگ کی نام نہاد مخالف جماعت سب سے بڑی ہارس ٹریڈنگ کی حمایتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بھی سینیٹ کی ٹکٹوں کی خرید و فروخت سے مکمل باخبر ہیں، انہیں پی ٹی آئی کے نظریاتی ورکرز سے دلی ہمدردی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی بھی اس ہارس ٹریڈنگ میں برابر کے حصے دار ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی تیزی سے غیر مقبول ہوتی جارہی ہے جبکہ صوبے کے نوجوانوں کو سمجھ آگئی ہے کہ انہیں دھرنے اور احتجاجی مظاہروں میں استعمال کیا گیا۔