بھارت میں بیوی نے آشنا کے کہنے پر شوہر کو کرنٹ دیکر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میں 36 سالہ شخص کی موت کو حادثاتی کرنٹ سے ہلاکت قرار دیا گیا تھا، لیکن تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اسے اس کی بیوی نے اپنے مبینہ ناجائز تعلقات کی بنیاد پر قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کرن دیو، کو 13 جولائی کو اس کی اہلیہ سشمتا نے ماتا روپ رانی ماگو اسپتال میں داخل کرایا اور دعویٰ کیا کہ وہ کرنٹ لگنے سے بے ہوش ہو گیا۔ کرن کو مردہ قرار دے دیا گیا اور خاندان نے اسے حادثہ بتاکر پوسٹ مارٹم سے گریز کیا، تاہم پولیس کو مردہ شخص کی عمر اور حالات دیکھتے ہوئے شبہ ہوا اور انہوں نے لاش کو اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔
تین دن بعد کرن کے چھوٹے بھائی کنال نے پولیس کو ایک انسٹاگرام چیٹ دی، جس میں سشمتا اور کرن کا چچازاد بھائی راہول قتل کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ چیٹ میں انکشاف ہوا کہ انہوں نے کرن کے کھانے میں 15 نیند کی گولیاں ملائیں اور اس کے بے ہوش ہونے کا انتظار کیا۔ جب دوا کا اثر کم پڑا تو سشمتا نے راہول سے پوچھا، ’’اب کیا کریں؟ تجویز دو۔‘‘ جس پر راہول نے جواب دیا، ’’اگر کچھ نہیں ہو رہا تو کرنٹ دے دو۔‘‘
دونوں نے کرنٹ دے کر قتل کو حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی۔ سشمتا نے بعد میں اپنے سسرال جا کر جھوٹی کہانی سنائی اور کرن کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس کی حراست میں سشمتا اور راہول نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ سشمتا نے بتایا کہ کرن اسے اکثر پیسے مانگتا اور بدسلوکی کرتا تھا، جس سے وہ ذہنی طور پر ٹوٹ چکی تھی۔ قتل کی منصوبہ بندی اسی کشمکش کے نتیجے میں کی گئی۔