جرم ……
ڈوڈو نے افواہوں کی دکان کھول لی تھی۔
نیوز چینل کی نوکری ختم ہونے کے بعد یہی کام سوجھا۔
چھوٹی افواہیں سستی بیچتا تھا، بڑی افواہیں مہنگی۔
سب ہاتھوں ہاتھ بک جاتیں۔
ڈوڈو کی دکان چل نکلی۔
پھر ایک دن چھاپہ پڑا اور اسے گرفتار کرلیا گیا۔
میں وکیل کے بجائے سفارش لے کر اسے چھڑانے پہنچا۔
’’ڈوڈو آئندہ افواہیں نہیں بیچے گا۔ اس بار معاف کردیں،‘‘
میں نے حاکم سے درخواست کی۔
انھوں نے ہنس کر کہا،
’’افواہیں بیچنے سے کون روک رہا ہے۔
ایک کی جگہ افواہوں کی چار دکانیں کھولو
لیکن ٹریڈ لائسنس لیے بغیر مت بیچو۔‘‘