نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر کا کہنا ہے کہ ہمیں مزید کلاؤڈ برسٹ دیکھنے پڑ سکتے ہيں، شمالی پنجاب، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان میں آئندہ تین سے چار ہفتے میں مزید کلاؤڈ برسٹ ہوسکتے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ایسا سلسلہ یا کلاؤڈ برسٹ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں دوبارہ بھی ہوسکتا ہے، اس سال مون سون کی شدت اور پھیلاؤ کا ایریا زیادہ ہے، گلگت بلتستان میں جو دو ہفتے پہلے ہوا، اسی کا فالو اپ اب کے پی کے میں نظر آیا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ہمارے پاس دنیا میں استعمال ہونے والے موسم پروجیکٹرز کی نسبت بہت اچھا سسٹم ہے، خیبر پختونخوا میں جو تباہی ہوئی ہے وہ موسم کا سسٹم مغرب کی طرف سے آیا تھا، تباہی کی بڑی وجہ لوگوں کا نشیبی علاقوں میں رہنا بھی تھا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کو قومی ریلیف اسٹاک کے تین ٹرک فراہم کر دیے۔
وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز کے ذریعے باجوڑ کو 800 کلو سے زیادہ ادویات فراہم کی گئیں، بونیر کو 1 لاکھ 9 ہزار 515 امدادی اشیاء فراہم کی گئیں۔
آئی این جی او نے 10ہزار نان فوڈ آئٹمز اور 15ہزار فوڈ پیکٹس فراہم کیے، این جی او نے 2 ہزار ترپالیں اور 330 خیمے، 6 ٹن خشک راشن تقسیم کیا، این جی او نے 6 ٹن خشک دودھ، 3 ایمبولنسز، 3 موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کیے، یہ امدادسوات، بونیر ، شانگلہ اور باجوڑ میں دی گئی۔