پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کو یہ نہیں کہنا چاہیے کہ میں مہاجر ہوں، ہم سب پاکستانی ہیں، مجھے افسوس ہے کہ گورنر نے اپنے ساتھ مہاجر لکھ دیا۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نثار کھوڑو نے کہا گورنر سندھ آئے لیکن سندھی بستیوں میں نہیں گئے، گورنر کو ایسا نہیں کرنا چاہیے، وزیرِ اعلیٰ آئے اداروں سے ملے، شہر کا چکر لگایا۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے معاہدے کے بعد سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہو گی، سیاستدانوں پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات نہیں لگیں گے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ جس کی جو طاقت ہے اسے سیٹیں مل جائیں گی، پی ٹی آئی میں لیڈر شپ کی بات نہ ماننے سے پارٹی میں لیڈر شپ کرائسز ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام ہے، عدالتوں کے عمل سے حکومت کو زیادہ اکثریت مل گئی۔