• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محبت جیت گئی طوفان ہار گیا، فلپائنی جوڑے کی پانی میں ڈوبے چرچ میں یادگار شادی

---تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---تصاویر بشکریہ بین الاقوامی میڈیا

طوفان، بارش اور سیلاب بھی محبت میں رکاوٹ نہ بن سکے، فلپائنی جوڑے نے پانی میں ڈوبے چرچ میں بھی شادی کرلی۔

محبت اگر سچی ہو تو طوفان، بارش اور سیلاب بھی راستہ نہیں روک سکتے، یہی ثابت کیا فلپائنی جوڑے جیڈ رک وردیلو اور جمییکا اگویلار نے، جنہوں نے شدید بارش اور طوفان کے باوجود ہمت نہ ہاری اور اپنی شادی منسوخ کرنے کے بجائے پانی میں ڈوبے گرجا گھر میں ایک دوسرے کو قبول کیا۔

یہ یادگار تقریب اور غیر معمولی مناظر صوبہ بُلاکان کے شہر مالولوس کے تاریخی باراسوان چرچ میں پیش آئے، جو طوفان وِپھا کے باعث مون سون کی شدت سے زیرِ آب آ گیا تھا۔

دولہا جیڈ رک وردیلو اور دلہن جمییکا اگویلار نے پہلے ہی بارش اور ممکنہ سیلاب کا اندیشہ محسوس کر لیا تھا، لیکن دونوں نے طے کیا کہ موسم کی شدت کو شادی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔

دولہا وردیلو نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’ہم نے بس ہمت کی اور فیصلہ کیا کہ آج ہی شادی کریں گے، اگر آج پیچھے ہٹتے تو آنے والے دنوں میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا۔‘

یہ جوڑا گزشتہ 10 سال سے ایک ساتھ تھا اور اس یادگار دن کا شدت سے منتظر تھا۔

وردیلو نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ زندگی میں چیلنجز کبھی ختم نہیں ہوتے، یہ صرف ایک امتحان تھا اور ہم نے مل کر اسے پار کرلیا۔

شادی میں قریبی رشتہ دار اور دوستوں نے بھی طوفان، بارش اور سیلابی پانی کے باوجود شریک ہو کر اس دن کو مزید خاص بنا دیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید