پونے کی 70 سالہ دادی اماں نے سانپ کو بہادری سے پکڑ کر گلے میں ڈال لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پونے کے ایک گاؤں میں ایک حیران کن منظر دیکھنے میں آیا، جہاں 70 سالہ بزرگ خاتون شکُنتلا سُتور نے اپنے گھر میں داخل ہونے والے سانپ کو نہایت دلیری سے اپنے ہاتھوں سے پکڑ کر گلے میں ڈال لیا، ان کا یہ بہادرانہ عمل کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شکنتلا نامی بزرگ خاتون ایک بڑے سانپ کو نہایت اطمینان سے گلے میں ڈال کر کھڑی ہیں، ان کے اردگرد لوگ حیران و پریشان ہیں، مگر دادی اماں کے چہرے پر کوئی خوف یا گھبراہٹ نظر نہیں آتی۔
شکنتلا نے بتایا کہ یہ سانپ زہریلا نہیں ہوتا اور کاشتکاری کے لیے فائدہ مند بھی سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ چوہے اور دیگر نقصان دہ کیڑے مکوڑے کھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگ اکثر سانپ کو دیکھ کر فوراً مارنے کی کوشش کرتے ہیں، حالانکہ ہر سانپ زہریلا نہیں ہوتا، یہ سانپ انسان کو نقصان نہیں پہنچاتا، خوف کے باعث لوگ سانپوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، جو کہ ایک غلط روش ہے۔
سانپ کو ہاتھوں سے پکڑ کر گلے میں ڈالنے کا یہ منظر دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی شکنتلا سُتور کی بہادری، حاضر دماغی اور شعور سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔
صارفین نے ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دادی اماں واقعی سپر دادی ہیں، جنہوں نے عمر کو مات دے کر دوسروں کے لیے مثال قائم کی ہے۔