انگلینڈ اور بھارت کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی کرکٹر رویندرا جڈیجا نے انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کے ساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا۔
کپتان بین اسٹوکس نے ڈرا ہوتے ہوئے میچ کو جلدی ختم کرنے کے لیے بھارتی کھلاڑیوں کو ہینڈ شیک کی آفر کی۔
ہینڈ شیک آفر کے وقت رویندرا جڈیجا 89 اور واشنگٹن سندر 80 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
دونوں کھلاڑیوں نے سنچریز مکمل کی پھر میچ ڈرا پر ختم کیا گیا، واشنگٹن سندر نے کیریئر کی پہلی سنچری بنائی۔
بھارت اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر ٹیسٹ کے آخری دن انگلش کپتان بین اسٹوکس کی میچ ختم کرنے کی پیش کش اور بھارتی بیٹر رویندرا جڈیجا کا انکار سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا۔
بین اسٹوکس پر ان کے سابق کھلاڑی بھی تنقید کرنے لگے۔ سابق کپتان ناصر حسین نے کہا کہ انگلینڈ کے کھلاڑی تھکے ہوئے لگ رہے تھے، ٹیم جلد میچ ختم کرنا چاہتی تھی۔
مائیکل وان نے کہا کہ اگر وہ بھارت کی جگہ ہوتے تو وہ بھی کھیل جاری رکھتے جبکہ ایلسٹرکک نے کہا کہ دونوں بھارتی بیٹرز کا سنچریز مکمل کرنا اچھا فیصلہ تھا۔
بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گھمبیر نے جڈیجا کے بین اسٹوکس سے ہاتھ نہ ملانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی 90 اور 85 رنز پر بیٹنگ کر رہا ہو تو کیا ان کا حق نہیں کہ وہ سنچری مکمل کرے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-2 سے برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری ٹیسٹ 31 جولائی سے اوول میں شروع ہو گا۔