• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت 11 اگست کونئی دس سالہ اقتصادی مہم شروع کرے گی، احسن اقبال

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) حکومت 11اگست کو نئی دس سالہ اقتصادی مہم شروع کرے گی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مخالفین سیاسی لانگ مارچ کی بات کرتے ہیں لیکن ہم اگلے دس برس کا ترقی کا روڈ میپ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برس میں ملک کو بلندیوں کی جانب گامزن کر دیا جس کا اعتراف وہ تمام عالمی مستند ادارے کر رہے ہیں جو 2013میں پاکستان کو ایک خطرناک ترین ملک قرار دے رہے تھے‘ یہ عالمی ادارے اب پاکستان کو ایشیا کی ابھرتی ہوئی معیشت اس لئے قرار دے رہے ہیں کہ اس وقت ملک کا جی ڈی پی گروتھ گزشتہ 7برس کی بلند ترین سطح پر ہے۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ کی گروتھ آئندہ برس 5.9فیصد ہو جائے گی۔ ٹیکس کا کولیکشن دوگنا ہوگیا ہے‘ بیرون ملک سے ترسیلات زر 11ارب ڈالر سے بڑھ کر 20ارب ڈالر پر آگئی ہیں‘ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے انڈکس ساڑھے بارہ ہزار سے بڑھ کر 40ہزار  پر پہنچ چکے ہیں‘ بے روزگاری کی شرح میں کمی آگئی ہے ان تمام کامیابیوں کے پیچھے پاکستان کی مستحکم اقتصادی بنیاد ہے معیشت بحال ہو رہی ہے خسارے کم ہو رہے ہیں۔ ملکی تاریخ میں توانائی اور ڈو یلپمنٹ سیکٹر میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوچکی ہے اور 10ارب ڈالر سے زائد کے منصوبے شروع ہو چکے ہیں۔ 35ارب ڈالر کے توانائی کے منصوبے ہیں۔
تازہ ترین