بھارتی کرکٹ بورڈ (BCCI) کے دفتر سے261 مہنگی آئی پی ایل جرسیز کی چوری نے کھیلوں کی دنیا میں ہلچل مچا دی۔ واقعہ ممبئی کے تاریخی وانکھیڈے اسٹیڈیم میں پیش آیا، دفتر کی نگرانی پر مامور 46 سالہ سیکیورٹی گارڈ کو واردات میں ملوث پایا گیا۔
پولیس کے مطابق چوری شدہ جرسیز کی مجموعی مالیت 6 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد ہے، یہ جرسیز ممبئی انڈینز، چنئی سپر کنگز، آر سی بی اور دیگر ٹیموں کی تھیں، جن کی فی جرسی کی قیمت تقریباً ڈھائی ہزار بھارتی روپے تھی۔
اسٹاک آڈٹ کے دوران جرسیز کی کمی کا پتہ چلا تو بی سی سی آئی حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، فوٹیجز میں گارڈ کو جرسیز سے بھرے ڈبے کے ساتھ دفتر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد حکام نے ایف آئی آر درج کروائی۔
تحقیقات کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے سوشل میڈیا کے ذریعے ہریانہ میں موجود ایک آن لائن جرسی ڈیلر سے رابطہ کیا اور بتایا کہ جرسیز دفتر کی تزئین و آرائش کے باعث کلیئرنس پر دی جا رہی ہیں۔
ڈیلر کو جرسیز کوریئر کے ذریعے بھیجی گئیں جبکہ رقم براہ راست گارڈ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ ساری رقم جوا میں ہار گیا، پولیس اس کے بینک ریکارڈز، لین دین اور ڈیجیٹل مواصلات کی مکمل جانچ کر رہی ہے۔
دوسری جانب ڈیلر نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے جرسیز کے چوری ہونے کا علم نہیں تھا، ڈیلر کو بھی مزید تفتیش کے لیے طلب کیا گیا، چوری شدہ 261 میں سے صرف 50 جرسیز برآمد ہوسکی ہیں جبکہ باقی اب تک غائب ہیں۔